حمزہ علی عباسی اور نیمل خاور نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی

کراچی: معروف اداکار حمزہ علی عباسی اور اُن کی اہلیہ نیمل خاور نے بیٹے کے ساتھ عُمرے کی سعادت حاصل کرلی۔
شادی کے بعد ڈرامہ انڈسٹری کو خیرباد کہنے والی سابقہ اداکارہ نیمل خاور عباسی نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاوْنٹ پر اپنی فیملی فوٹو پوسٹ کی۔
یہ تصویر حرم شریف میں لی گئی، جس میں حمزہ علی عباسی اور اُن کے بیٹے مصطفیٰ نے احرام باندھا ہوا ہے جب کہ نیمل خاور برقعے میں ہیں۔
اس تصویر میں حمزہ علی عباسی اور نیمل خاور کے بیٹے کا چہرہ دل والے ایموجی سے چُھپایا گیا ہے۔
نیمل خاور عباسی نے تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کیپشن میں الحمدللہ لکھا۔
شوبز شخصیات اور مداحوں کی جانب سے نیمل خاور اور حمزہ علی عباسی کو عُمرے کی ادائیگی پر مبارک باد دی جارہی ہے۔
خیال رہے کہ ڈراما سیریل انا سے شہرت پانے والی نیمل خاور نے سال 2019 میں حمزہ علی عباسی کے ساتھ شادی کی تھی جب کہ سال 2020 میں اس جوڑی کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی، جس کا نام اُنہوں نے مصطفیٰ عباسی رکھا۔
حمزہ علی عباسی اپنی اہلیہ نیمل خاور سے 8 سال بڑے ہیں، یہ دونوں اپنی شادی سے ایک سال قبل ملے تھے جو بعدازاں اچھے دوست بن گئے۔
حمزہ علی عباسی نے شادی خاموشی سے کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم شادی کارڈ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے سے انہیں خود اپنی شادی کا اعلان کرنا پڑا تھا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔