مناسک حج شروع: روح پرور لمحات، فضا میں لَبَّيْكَ اللَّھُمَّ لَبَّيْكَ کی صدائیں
مکہ مکرمہ: حجاز مقدس میں مناسک حج کی ادائیگی کا آج سے آغاز ہوگیا۔
مناسک حج کے پہلے مرحلے میں لاکھوں عازمین لبیک اللَّھُمَّ لبیک کی صدائیں بلند کرتے ہوئے منیٰ کے لیے روانہ ہوگئے، جہاں وہ قیام کریں گے۔ عازمین حج بسوں کے ذریعے منیٰ پہنچیں گے۔
حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ہفتہ 15 جون کو ہوگا۔ لاکھوں مسلمان منیٰ میں قیام کے دوران عبادات کریں گے اور ہفتے کو صبح وقوف عرفہ کے لیے میدان عرفات روانہ ہوں گے۔
عرفات میں حج کا خطبہ سننے کے بعد ظہر اور عصر کی نماز ملاکر ادا کی جائے گی۔ مغرب سے قبل حجاج کرام مزدلفہ کی طرف روانہ ہوں گے اور وہاں مغرب اور عشاء کی نماز اکٹھی پڑھیں گے۔ مزدلفہ میں حجاج کرام رمی جمرات کے لیے کنکریاں اکٹھی کریں گے۔
اتوار کی صبح حجاج کرام واپس منیٰ روانہ ہوں گے اور رمی جمرات کریں گے، جس کے بعد قربانی کی جائے گی اور عازمین کا فریضہ حج مکمل ہوجائے گا۔