سونے کو پر لگ گئے، ڈالر بھی مہنگا
کراچی: سونے کی قیمت کو پر لگ گئے، ڈالر نے بھی مزید اُڑان بھر لی، ملک میں امریکی ڈالر کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق انٹربینک میں ڈالر کا بھاؤ آج 18 پیسے بڑھا ہے۔ انٹربینک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کا بھاؤ 225.12 روپے ہے۔
انٹربینک میں گذشتہ روز کاروبار کے اختتام پر ڈالر 224.94 روپے کا تھا۔ ادھر اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا بھاؤ 234 روپے برقرار ہے۔
دوسری جانب ملک میں سونا اچانک خاصا مہنگا ہوگیا، ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں آج یک دم ہزاروں روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق آج سونے کی فی تولہ قیمت 3900 روپے بڑھ گئی، جس کے بعد ملک میں ایک تولہ سونے کا بھاؤ ایک لاکھ 78 ہزار 800 روپے ہوگیا ہے۔
10 گرام سونے کا بھاؤ 3344 روپے بڑھ کر ایک لاکھ 53 ہزار 292 روپے ہے جب کہ عالمی بازار میں سونے کا بھاؤ 12 ڈالر اضافے سے 1808 ڈالر فی اونس ہے۔