بھارت جعلی ویب سائٹس کے ذریعے پاکستان مخالف پروپیگنڈا کررہا ہے، فرخ حبیب

اسلام آباد: وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ ہر مشکل وقت میں پاکستان اور چین ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوئے، سی پیک منصوبہ دشمن بھارت کو کھٹکتا ہے، چین پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر تعاون کررہا ہے۔
علماء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ بھارت جعلی ویب سائٹس کے ذریعے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کررہا ہے، اس صورت حال میں علماء کرام کی ذمے داریوں میں اضافہ ہورہا ہے، علما کا دینی اور معاشرتی سطح پر عوام سے براہ راست رابطہ ہوتا ہے، ملک کے خلاف ہونے والی سازشوں سے نمٹنے کے لیے علماء کرام عوام کو آگاہی دیں، ہمیں اتحاد و اتفاق سے ملک کے خلاف سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پیغام پاکستان پر 1800 سے زائد علماء اور مفتیان کے دستخط ہیں، ہمارا آئین تمام لوگوں کو آزادی رائے کا حق دیتا ہے، آئین کے تحت بنیادی حقوق کا نفاذ بہت اہم ذمے داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ناصرف اس خطے بلکہ پوری دنیا میں اہم کردار ہے، افغانستان کے مسئلے پر پاکستان نے بھرپور کردار ادا کیا، ہم امن کو موقع دینا چاہتے ہیں پاکستان کسی بھی قسم کے انتشار کا حصہ نہیں بننا چاہتا، وزیراعظم عمران خان کا اس حوالے سے دوٹوک موقف ہے۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ بھارت سی پیک منصوبے کی راہ میں روڑے اٹکانا چاہتا ہے، ہمیں اتحاد و اتفاق سے ملک کے خلاف سازشوں کو ناکام بنانا ہے، آپسی اختلافات کے ذریعے دشمن ہمارے خلاف سازش کرتا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔