بجلی کی قیمت میں 42 پیسے فی یونٹ مزید اضافہ

اسلام آباد: عوام کے لیے اچھی خبروں کا فقدان ہی نظر آرہا ہے، روز ہی ہر شے اور سہولت گراں ہوتی چلی جارہی ہے، بجلی نرخ میں دو روز قبل ہی چار روپے کا اضافہ ہوا تھا، اب پھر اضافہ کردیا گیا، نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 42 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی۔
صارفین سے بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں 42 پیسے اضافی چارج کریں گی۔
نیپرا اتھارٹی نے بجلی کمپنیوں کی درخواست پر سماعت مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا، نیپرا نے اعداد و شمار کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد فیصلہ جاری کیا۔
بجلی کمپنیوں نے 10 ارب 54 کروڑ روپے سے زائد کی ایڈجسٹمنٹ مانگی تھی۔ ٹیسکو نے 4 ارب 34 کروڑ روپے، پیسکو نے 2 ارب 7 کروڑ روپے، گیپکو نے 1 ارب 97 کروڑ روپے، آئیسکو نے ایک ارب روپے، میپکو نے ایک ارب 80 کروڑ روپے اور حیسکو نے 1ارب 91 کروڑ روپے کی وصولیوں کی ایڈجسٹمنٹ مانگی تھی۔
نیپرا کے چیئرمین توصیف فاروقی کے مطابق بجلی کمپنیوں نے مکمل اعدادوشمار نہیں دیے، ڈسکوز کا ایک ہی کام ہے وہ ہے بجلی بیچنا اور بجلی کمپنیاں ایک ہی کام کو بھی صحیح طریقے سے نہیں کرسکتیں۔
چیئرمین نیپرا کا کہنا تھا کہ ہم کوئی ان لمیٹڈ کیش سہولت کے ساتھ اے ٹی ایم تو نہیں کھولے بیٹھے، ڈسکوز کی ریکوریز کی شرح 85 فیصد ہیں اور باقی سرکلر ڈیٹ کا حصہ بنتا ہے، روپیہ ڈالر کے مقابلے میں آدھا رہ گیا، ہم نے بجلی گھروں سے جو معاہدے کیے ہیں وہ تو ادا کرنے ہیں، نیپرا نے ہر سطح پر ایشو اٹھایا ہے کہ کمپنیوں کی نج کاری کی جائے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔