مسلسل دوسرے روز امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی

کراچی: بالآخر ڈالر کی قیمت میں گراوٹ کا سلسلہ تو شروع ہوا، آئی ایم ایف سے ممکنہ معاہدے کی امید، اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے ریکارڈ ترسیلات زر اور سعودی عرب کی طرف سے اربوں ڈالرز کی ملنے والی امداد جلد موصول ہونے کی اطلاعات کے باعث روپے کے مقابلے میں مسلسل دوسرے روز امریکی ڈالر سستا ہوا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید 40 پیسے سستا ہوگیا اور قیمت 175 روپے 29 پیسے سے کم ہوکر 174 روپے 89 پیسے ہوگئی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت 44 پیسے گری تھی اور نئی قیمت 175 روپے 29 پیسے پر بند ہوئی تھی۔
دھیان رہے کہ 12 نومبر کو انٹربینک میں ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح 175 روپے 73 پیسے پر بند ہوا تھا۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ شوکت ترین مسلسل چند روز سے میڈیا کے ذریعے عوام کو آگاہ کررہے ہیں کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں جس کے باعث ممکنہ معاہدے کی اطلاعات نے امریکی ڈالر کی قدر کو گراوٹ میں دھکیل دیا ہے جب کہ سعودی عرب سے ملنے والی تین ارب ڈالرز کی امداد کی بھی جلد پاکستان منتقلی اور بیرون ملک پاکستانیوں کی طرف سے ریکارڈ ترسیلات زر موصول ہونے کے باعث بھی روپے کی بحالی کا سفر شروع ہوگیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔