ڈالر کی قیمت میں گراوٹ، انٹربینک میں 225.36 روپے کا ہوگیا

کراچی: ڈالر کی گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے، انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں مزید کمی ہوگئی۔
عالمی و مقامی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور افراط زر کی شرح 27.3 فیصد سے گھٹ کر 23.2 فیصد پر آنے جیسے عوامل کے باعث زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی تنزلی کا تسلسل برقرار ہے۔
انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 1.92 روپے کی کمی سے 225.36 روپے ہوگئی۔ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 75 پیسے کی کمی سے 229.25 روپے ہوگئی۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے چارج سنبھالتے ہی وزارت خزانہ اور مرکزی بینک میں اپنا رسوخ بڑھانے سے پاکستانی روپیہ استحکام کی جانب گامزن ہے، تاہم بعض معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈالر نے نچلی سطح پر جتنا جانا تھا وہ عمل مکمل ہوگیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ معیشت کو درپیش چیلنجز کے باوجود تجارت و صنعتی حلقوں کو نئے وزیر خزانہ سے وابستہ امیدیں روپے کے مقابلے میں ڈالر کو چت کررہی ہیں کیونکہ تجارت و صنعتی حلقوں کو توقع ہے کہ نئے وزیر خزانہ اپنے وسیع تجربے کے باعث معیشت کو بھنور سے نکالنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔