روپے کی تنزلی نہ رُک سکی، ڈالر بلند ترین سطح پر براجمان

کراچی: پاکستان بھر میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی اونچی اُڑان کا سلسلہ جاری ہے، امریکی کرنسی تاریخ کی بلند ترین سطح کو چھو گئی جب کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں ایک مرتبہ پھر بے یقینی صورت حال کے باعث بدترین مندی ریکارڈ کی گئی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 52 پیسے بڑھ گئی، جس کے باعث امریکی کرنسی کی قیمت 169 روپے 08 پیسے سے بڑھ کر 169 روپے 60 پیسے ہوگئی ہے۔
پاکستانی روپیہ اپنی قدر کھو بیٹھا، 5 ماہ کے دوران ڈالر 17 روپے 32 پیسے مہنگا ہوگیا۔
ادھر اوپن مارکیٹ میں ڈالر 70 پیسے مہنگا ہونے کے بعد 171 روپے 80 پیسے میں فروخت ہونے لگا۔
دوسری جانب پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد بدترین مندی ریکارڈ کی گئی، 100 انڈیکس 255.76 پوائنٹس کی گراوٹ دیکھی گئی اور 44817.76 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ پورے دن کے دوران کاروبار میں 0.57 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی۔
16 کروڑ 22 لاکھ 8 ہزار 480 شیئرز کا لین دین ہوا، مندی کے باعث سرمایہ کاروں کو ایک مرتبہ پھر 40 ارب روپے سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔