ڈالر کی اونچی اُڑان، بلند ترین سطح 233 روپے پر براجمان
کراچی: انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر برقرار ہے۔
گزشتہ روز انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری رہا اور ڈالر 229.88 روپے پر بند ہوا۔
منگل کو بھی کاروبار کے آغاز پر ڈالر کی قدر میں اضافہ دیکھا جارہا ہے اور اب تک انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں 3 روپے 12 پیسے تک اضافہ ہوا ہے۔
انٹربینک میں ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے اور ایک ڈالر کی قیمت 233 روپے ہوگئی ہے۔
دوسری جانب لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر میاں نعمان کبیر نے کہا کہ بینکوں میں انٹر بینک ریٹ سے 10،20 روپے زائد چارج کرنے پر تشویش ہے، بینکوں کے اضافی رقم لینے سے بزنس کمیونٹی کو ایل سی کھولنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ پچھلے کچھ عرصے سے متواتر ڈالر کی قدر میں ہوش رُبا اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ تمام تر کوششوں کے باوجود ڈالر کی قیمت کو کنٹرول کرنے میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑرہا ہے۔