نظام فلکیات میں انتہائی گرم سیارے کی دریافت

ایڈنبرا: نظام فلکیات میں ایک انتہائی گرم سیارے کی دریافت ہوئی ہے۔ ناسا کی جیمز ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ نے ایک ایسا سیارہ دریافت کیا ہے جس کے متعلق سائنس دانوں کا دعویٰ ہے کہ فلکیات کی تاریخ میں اس سے قبل ایسا سیارہ نہیں دیکھا گیا۔
10 ارب ڈالرز کی لاگت سے بنائی جانے والی اس ٹیلی اسکوپ نے زمین سے قریباً 40 نوری سال کے فاصلے پر موجود VHS 1256b کا مشاہدہ کیا ہے۔ 815 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت رکھنے والے اس سیارے کا ماحول گرم مٹی کے بادلوں پر مشتمل ہے جو مستقل ابھرتے ہیں، ملتے ہیں اور 22 گھنٹے کے دن کے دوران حرکت میں رہتے ہیں۔
یونیورسٹی آف ایریزونا کی برِٹنی مائلز کی رہنمائی میں کام کرنے والی سائنس دانوں کی ٹیم نے ٹیلی اسکوپ سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کی مدد سے سیارے میں صاف پانی، میتھین اور کاربن مونو آکسائیڈ کی شناخت بھی کی۔ سیارے میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کی موجودگی کے شواہد بھی ملے ہیں۔
صرف 15 کروڑ سال قبل وجود میں آنے والے اس سیارے کے متعلق سائنس دانوں کا ماننا ہے کہ اس کی کم عمری بتاتی ہے کہ اس سیارے کا آسمان اتنا طوفانی کیوں ہے۔
یونیورسٹی آف کیلیفورنیا سانتا کروز سے تعلق رکھنے والے تحقیق کے شریک مصنف اینڈریو اسکیمر کے ایک بیان کے مطابق کسی دوسری ٹیلی اسکوپ نے آج تک ایک جِرم میں بیک وقت اتنی خصوصیات کی نشان دہی نہیں کی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔