حکومت سے اختلاف، برطانوی وزیر خزانہ کے بعد وزیر داخلہ بھی مستعفی

لندن: برطانیہ میں پھر سیاسی بحران جنم لیتا دکھائی دے رہا ہے، کیونکہ برطانوی وزیر خزانہ کے بعد وزیر داخلہ نے بھی حکومتی پالیسیوں سے اختلاف کے سبب اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
برطانیہ کے ذرائع ابلاغ کے مطابق برطانیہ کی وزیر داخلہ سویلا بریورمین نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ انہوں نے اپنے استعفیٰ کی وجہ حکومتی پالیسیوں سے اختلاف کو قرار دیا۔ ان کی جگہ سابق وزیر ٹرانسپورٹ گرانٹ شپس کو نیا وزیر داخلہ مقرر کردیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ سے قبل برطانوی وزیر خزانہ بھی استعفیٰ دے چکے ہیں۔ برطانیہ کی وزیراعظم لزٹرس کے لیے وزرا کے استعفوں کے بعد مشکل صورت حال پیدا ہوگئی ہے۔ لزٹرس کو چند روز کے اندر مارکیٹ اور معیشت کے حوالے سے کیے گئے فیصلوں پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔
سیاست دانوں اور تجارتی شعبے کے افراد نے برطانوی وزیراعظم لزٹرس کے فیصلوں کو ملک کے لیے نقصان دہ اور جلد بازی میں کیے گئے فیصلے قرار دیا ہے۔ خیال رہے کہ وزیراعظم لز ٹرس نے سابق وزیراعظم بورس جانسن کی حکومت ختم ہونے کے بعد 6 ستمبر کو عہدہ سنبھالا تھا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔