ورلڈکپ کرکٹ کے ٹکٹس کی فروخت کی تاریخیں سامنے آگئیں

دبئی: آئی سی سی نے بھارت میں شیڈول ورلڈکپ 2023 کے ٹکٹس کی فروخت کے لیے تاریخوں کا اعلان کردیا۔
کرکٹ سے متعلق معروف ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق آئی سی سی ورلڈکپ مقابلوں کے ٹکٹس مرحلہ وار فروخت کیے جائیں گے، 25 اگست سے پہلے مرحلے میں ان میچز کے ٹکٹ فروخت کے لیے دستیاب ہوں گے۔
دوسرے مرحلے میں میزبان ملک بھارت میچز کے ٹکٹس شہروں کے حساب سے 30 اگست سے 3 ستمبر تک فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے جب کہ ورلڈکپ کے ہائی وولٹیج مقابلے پاکستان اور بھارت کے درمیان 14 اکتوبر کو شیڈول میچ کے ٹکٹس کی فروخت کا آغاز 3 ستمبر سے ہوگا، تاہم 15 اگست سے شائقین ٹکٹس کی خریداری کے لیے ویب سائٹ پر اپنی دلچسپی ظاہر کرپائیں گے۔
دوسری جانب شائقین کرکٹ کا کہنا ہے کہ ٹکٹس اگر ورلڈکپ سے صرف 40 روز قبل ہی فروخت کے لیے دستیاب ہوں گے تو وقت کی تنگی کے باعث ایونٹ کی خاطر بھارت کا سفر کرنے کے خواہش مند فینز کے لیے سفری انتظامات کسی چیلنج سے کم نہیں۔
خیال رہے کہ ماضی میں ہونے والے آئی سی سی ایونٹس میں ٹکٹس کی فروخت کئی مہینوں پہلے شروع کی جاتی رہی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔