کورونا سے 32 جاں بحق، 1877 نئے مریض!

اسلام آباد: پاکستان میں کورونا کے مزید ایک ہزار 877 کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ اس وائرس نے مزید 32 افراد کی جان لے لی۔
این سی او سی کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 35 ہزار 524 کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔ اس طرح ملک میں اب تک کورونا کے 71 لاکھ 22 ہزار 538 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔
پچھلے 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا کے مزید ایک ہزار 877 کیسز سامنے آئے ہیں، اس طرح ملک میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 4 ہزار 293 ہوگئی۔
صوبۂ سندھ میں اب تک سب سے زیادہ افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے، جہاں مصدقہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 26 ہزار 338 ہے۔ پنجاب میں ایک لاکھ 45 ہزار 508، خیبر پختونخوا میں 61 ہزار 424، بلوچستان میں 18 ہزار 412، اسلام آباد میں 39 ہزار 242، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 880 جب کہ آزاد کشمیر میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 8 ہزار 489 ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق ملک بھر میں کورونا نے مزید 32 افراد کی جان لے لی۔ اس طرح اس وائرس کے ہاتھوں مصدقہ ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار 676 ہوگئی ہے۔
پنجاب میں صرف ایک لاکھ 45 ہزار 508 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے لیکن ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ جانی نقصان پنجاب میں ہی ہوا ہے، وہاں اس وائرس سے 4 ہزار 272 افراد لقمہ اجل بنے ہیں۔ سندھ میں 3 ہزار 699، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 740، بلوچستان میں 188، اسلام آباد میں 441، گلگت بلتستان میں 101 جب کہ آزاد کشمیر میں اس وائرس نے 235 افراد کی جان لے لی ہے۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک ہزار 402 افراد نے کورونا کو شکست دے دی، اس طرح ملک میں کورونا سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 4 لاکھ 58 ہزار 371 ہوگئی ہے۔
اس وقت ملک میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 35 ہزار 246 ہے، جو اپنے گھروں اور اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، فعال مریضوں میں سے 2 ہزار 286 کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔