ملک میں کورونا ویکسین لگانے کیلیے جامع پلان!

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ویکسین لگانے کے لیے ایک جامع پلان مرتب کرلیا ہے۔
این سی او سی نے ویکسین لگانے کی خاطر ایک جامع پلان مرتب کرلیا۔ تمام شہری مع فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکرز، ایس ایم ایس کے ذریعے 1166 یا نمز کی ویب سائٹ پر اپنا شناختی کارڈ نمبر بھیج کر رجسٹرڈ ہوسکیں گے۔
ویکسین اسٹرٹیجی پلان کو وفاق نے تمام صوبوں اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے بعد مرتب کیا ہے۔ ویکسین پلان بہترین مروجہ عالمی اُصولوں اور ہیلتھ گائیڈ لائنز کو مدِنظر رکھتے ہوئے مرتب کیا گیا ہے۔ ویکسین اسٹرٹیجی کا مقصد صحت مند ماحول اور حفظانِ صحت کے اُصولوں کے مطابق ایک مربوط نظام کے تحت لوگوں کو ویکسین لگانا ہے۔ نیشنل امیونائزیشن مینجمنٹ سسٹم (نمز) کو قومی سطح پر قومی ویکسین ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈی نیشن سیل (NVACC) کے ذریعے چلایا جائے گا۔ یہ سیل این سی او سی میں قائم کیا گیا ہے۔ این وی اے سی سی کی معاونت کے لیے صوبائی اور ضلعی ویکسی نیشن انتظامیہ اور کوآرڈی نیشن سیلز کے علاوہ ملک بھر میں اڈلٹ ویکسین سینٹرز (AVC) قائم کیے گئے ہیں۔ نمز کا نظام ڈیجیٹل ہے اور اس کو شفاف رکھنے کے لیے انسانی عمل دخل بہت محدود ہے۔ جب عوام کو آگاہ کیا جائے گا تو ویکسی نیشن کے لیے مرحلہ وار طریقوں پر عمل کرنا ہوگا۔
درج ذیل طریقہ کار پرعمل درآمد کرنا ہوگا۔ رجسٹریشن کے لیے ہیلپ لائن 1166 سمیت، نمز کی ویب سائٹ کا استعمال کریں گے۔
تصدیق کے بعد، موجودہ پتے کی بُنیاد پر نامزد اے وی سی اور پن کوڈ شہریوں کو ایس ایم ایس کے ذریعے بھیجا جائے گا۔ اگر نامزد اے وی سی شہریوں کی موجودہ تحصیل سے باہر ہے تو شہری ایس ایم ایس موصول ہونے کے 5 دن کے اندر نمز کے ویب پورٹل یا 1166 ہیلپ لائن پر کال کرکے اپنا اے وی سی تبدیل کرسکتا ہے۔ اے وی سی میں ویکسین کی دستیابی پر شہریوں کو اپوائنٹمنٹ کی تاریخ کے قریب انتظامیہ کی جانب سے ایس ایم ایس بھیجا جائے گا۔
کامیاب رجسٹریشن کے بعد شہری اپنا شناختی کارڈ اور موصول شدہ پن کوڈ (لازمی) کے ساتھ مقررہ تاریخ اور وقت پر اے وی سی آئیں گے۔ اے وی سی میں انتظامیہ شناختی کارڈ اور پن کوڈ کی تصدیق کرے گی۔ تصدیق کے بعد شہریوں کو ویکسین لگائی جائے گی اور انتظامیہ نمز میں تفصیلات کا اندراج کرے گی اور شہری کو ایس ایم ایس کے ذریعے تصدیقی پیغام بھیجا جائے گا۔ اس طریقہ کار سے وفاقی، صوبائی اور ضلعی محکمہ صحت کے لیے رئیل ٹائم ڈیش بورڈ خودکار طریقے سے تیار ہوگا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔