کورونا وبا، سعودیہ میں یکم فروری سے بوسٹر ڈوز لازمی قرار
ریاض: سعودی عرب نے یکم فروری سے اپنے شہریوں پر کووڈ ویکسین کی بوسٹر ڈوز لازمی قرار دے دی۔
سعودی میڈیا کے مطابق وزارت داخلہ کے ذرائع نے بتایا کہ یکم فروری 2022 سے سعودی عرب کے تمام شہریوں اور رہائشیوں کو اپنے مدافعتی نظام کو محفوظ بنانے کے لیے کورونا وائرس ویکسین کی بوسٹر خوراک لگوانا ضروری ہوگا۔
ذرائع نے وضاحت کی کہ ویکسین کی دوسری خوراک لگوانے کے 8 ماہ بعد بوسٹر شاٹ لازمی ہوجائے گی۔
سعودی میڈیا کے مطابق ہر شہری کو ایک مقامی ایپلی کیشن کے ذریعے اپنے ویکسی نیٹڈ(immune status) ہونے کی تصدیق کرنا ہوگی، جس کے بعد وہ کسی بھی سماجی، اقتصادی، تجارتی، ثقافتی، سائنسی، تفریحی یا کھیلوں کی تقریب میں شرکت کرسکتا ہے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومی کرون کی آمد کے بعد دُنیا بھر کے ممالک میں خاصا خوف و ہراس پایا جاتا ہے، نئی پابندیاں عائد کی جارہی ہیں اور کورونا کے نئے ویرینٹ کی روک تھام کے لیے اقدامات بروئے کار لائے جارہے ہیں۔