کورونا وار میں تیزی: 102 افراد جاں بحق، 4 ہزار سے زائد نئے مریض

اسلام آباد: کورونا کی تیسری لہر شدت اختیار کرگئی، جان لیوا وائرس سے آج بھی 100 سے زائد افراد جاں بحق جب کہ 4 ہزار سے زائد مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 41 ہزار 699 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 10,535,06 ہوگئی۔
پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 4 ہزار 4 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے۔ اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 700,188 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 2 لاکھ67 ہزار 238، پنجاب میں 2 لاکھ 37 ہزار 594، خیبر پختونخوا میں 93 ہزار 862، اسلام آباد میں 62 ہزار 775، بلوچستان میں 19 ہزار 942، آزاد کشمیر میں 13 ہزار 713 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 64 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 64 ہزار 373 ہے جب کہ 3 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 102 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 15 ہزار 26 ہوگئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق کورونا سے ایک دن میں 2 ہزار 631 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 620,789 ہوگئی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔