دُنیا بھر میں کورونا متاثرین ایک کروڑ 32 لاکھ سے زائد، 5 لاکھ 75 ہزار اموات

واشنگٹن/ برازیلیا/ نئی دہلی/ لندن: دُنیا بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 32 لاکھ سے تجاوز کرگئی جب کہ یہ وائرس اب تک 5 لاکھ 75 ہزار سے زائد لوگوں کو زندگیوں سے محروم کرچکا ہے۔
امریکا میں کورونا مریضوں کی تعداد میں آئے روز اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ ریاست کیلیفورنیا میں کیسز میں تشویش ناک حد تک اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے جب کہ اس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ریستوران، سنیما، عجائب گھروں اور بارز کو فوری بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
برازیل اور بھارت میں بھی کورونا کے مریضوں کی تعداد میں آئے روز اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جب کہ برطانیہ میں وائرس سے ہونے والی اموات اور نئے کیسز میں واضح کمی ہوئی ہے۔ انگلینڈ میں 24 جولائی سے دکانوں اور بازاروں میں ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا گیا ہے جب کہ خلاف ورزی کی صورت میں ایک سو پاؤنڈ جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ بہت سارے ممالک غلط سمت کی جانب گامزن ہیں جب کہ طبی ماہرین نے خطرے کی ایک اور گھنٹی بجادی اور کہا کہ اس عالمی وبا کی دوسری لہر اس سے دگنی جانیں نگل سکتی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔