کورونا وبا نے 59 زندگیاں نگل لیں، 1947 نئے مریض!
اسلام آباد: پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے ایک دن میں 59 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ ایک ہزار سے زائد مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 35 ہزار 73 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 68 لاکھ 84 ہزار 940 ہوگئی ہے۔
پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید ایک ہزار 947 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے، اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 90 ہزار 476 ہوگئی ہے۔
اب تک سندھ میں 2 لاکھ19 ہزار 452، پنجاب میں ایک لاکھ 41 ہزار 393، خیبر پختونخوا میں 59 ہزار 729، اسلام آباد میں 38 ہزار 395، بلوچستان میں 18 ہزار 254، آزاد کشمیر میں 8 ہزار 383 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 870 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 35 ہزار707 ہوگئی جب کہ 2 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 59 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 10 ہزار 409 ہوگئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق کورونا سے ایک دن میں ایک ہزار 903 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 44 ہزار 360 ہوگئی ہے۔