بھارتی شہری نے افغان لڑکی سے زیادتی کے بعد ویڈیو اپ لوڈ کردی!

کابل: بھارت میں خواتین کسی طور محفوظ نہیں، اُنہیں کہیں بھی جنسی درندگی کا نشانہ بنادیا جاتا ہے، اب بھارتی شہریوں کی جانب سے دیگر ملکوں میں بھی جنسی زیادتی کے جرائم میں اضافہ ہورہا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق گزشتہ ہفتے ایک بھارتی سیاح نے کابل میں 15سالہ افغان لڑکی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کردی۔
افغان پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ 28 دسمبر کو افغانستان کے شہر کابل میں پیش آیا تھا، ملزم دیپ دسائی نے مبینہ طور پر لڑکی کو سنگین نتائج کی دھمکی دے کر خاموش رہنے پر مجبور کیا اور خوف کے باعث متاثرہ لڑکی کسی کو اطلاع نہ دے سکی۔
بعدازاں ملزم نے ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ بھی کردی جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔
کچھ عرصہ قبل کابل میں بھارتی ڈیفنس اتاشی ایس کے نارائن کو ایک افغان لڑکی کے ریپ کے جرم میں ملک سے بے دخل کردیا گیا تھا۔
دوسری جانب 2013 میں بھارت میں زیادتی کا نشانہ بننے والی امریکی خاتون کی سان فرانسسکو میں بھارتی قونصلیٹ کے باہر دہائی دینے کی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی ہے۔
امریکی خاتون کو دہلی کے سابق میئر کے بھتیجے نے زیادتی کا نشانہ بنایا تھا، ملزم راجیو پنور کو حالیہ دنوں میں ضمانت دے دی گئی ہے۔
خاتون نے قونصلیٹ کے باہر ویڈیو بناکر بھارت کا اصل چہرہ دنیا کو دکھادیا، متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ بھارت کے کرپٹ ججز نے ملزم کو ضمانت دے دی ہے، بھارتی بیوروکریسی ریپ کرنے والے مجرموں اور کرپٹ ججز کا تحفظ کرتی ہے، وہ زیادتی کرنے والوں اور ان کو ضمانتیں دینے والوں کے خلاف لڑتی رہیں گی۔
خیال رہے کہ بھارت میں ہر سال لاکھوں بچیوں اور خواتین کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور خواتین کے ساتھ زیادتی کرنا بھارت کا چوتھا بڑا جرم ہے۔
زیادتی کے زیادہ ترکیسز میں بھارتی پولیس مظلوموں کو مجرم بنادیتی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔