قومی سلیکشن کمیٹی کا سربراہ بننا اعزاز کی بات ہے، وہاب ریاض

لاہور: فاسٹ بولر وہاب ریاض کو قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کا چیف سلیکٹر مقرر کیا گیا ہے۔
وہاب ریاض کا پہلا اسائنمنٹ 14 دسمبر سے 7 جنوری تک آسٹریلیا میں ہونے والی 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز اور نیوزی لینڈ میں 12 سے 21 جنوری تک ہونے والی 5 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کا انتخاب ہوگا۔
وہاب ریاض نے 2008 میں اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا اور 27 ٹیسٹ، 91 ون ڈے اور 36ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں مجموعی طور پر237 وکٹیں حاصل کیں اور 1200 رنز بنائے۔
وہ تین عالمی کپ کھیل کر ان مقابلوں میں 35 وکٹوں کے ساتھ پاکستان کے دوسرے سب سے کامیاب بولر رہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ قومی سلیکشن کمیٹی کا سربراہ بننا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے اس ذمے داری کے لیے ان پر اعتماد کیا۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے معاملات میں سابق کرکٹرز کو شامل کرنے کا فیصلہ قابل تعریف ہے اور وہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے کام کرنے کے خواہاں ہیں۔
پی سی بی کے مطابق وہاب ریاض کا مزید کہنا تھا کہ یہ ایک چیلنج ہے، آسٹریلیا کا دورہ انتہائی اہمیت کاحامل ہے جہاں پاکستان کو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں۔ اسی طرح نیوزی لینڈ کے دورے سے ہمیں آئندہ سال جون میں امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے ایک متوازن ٹیم تشکیل دینے میں مدد ملے گی۔ ہمارے پاس محمد حفیظ کی شکل میں اچھا ٹیم ڈائریکٹر موجود ہے اور ہم مل کر پاکستان کرکٹ کی کامیابی کے لیے کام کریں گے۔
وہاب ریاض کا مزید کہنا تھا کہ ان کی سب سے بنیادی توجہ ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو اہمیت دیتے ہوئے آل راؤنڈ اسکواڈز کا اعلان کرنا ہے، وہ کھلاڑیوں کی رائے جاننے کے لیے ہمیشہ دستیاب ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔