نواز شریف سے امریکی سفیر کی ملاقات، عام انتخابات پر تبادلہ خیال

کراچی: پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی، جس میں عام انتخابات، غزہ پر اسرائیلی بم باری اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو ہوئی۔
سابق وزیراعظم نے ملاقات کے دوران پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے خاص طور پر مختلف امریکی رہنماؤں سے اپنی ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تمام امریکی رہنما دونوں ممالک کے مابین تعلقات کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہیں۔
ڈونلڈ بلوم اور نواز شریف کی ملاقات میں پاکستان کی سیاسی و معاشی صورت حال، خصوصاً عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاوہ ازیں پاکستان اور امریکا کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون پر گفتگو بھی کی گئی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان پختہ اور مستحکم شراکت داری کی اہمیت کا اعتراف کیا گیا۔ امریکی سفیر اور نواز شریف نے تجارت، معیشت، موسمیاتی تغیر، سلامتی و علاقائی استحکام سمیت دوطرفہ دلچسپی کے مختلف موضوعات پر بات چیت کی۔
نواز شریف نے غزہ پر وحشیانہ اسرائیلی بم باری کے نتیجے میں بے گناہ فلسطینیوں کی شہادتوں کے مسئلے کو اجاگر کیا اور فوری جنگ بندی پر زور دیا۔ انہوں نے لڑائی اور ہلاکتوں کا سلسلہ فوری روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے متاثرہ عوام کو فی الفور طبی اور انسانی امداد کی فراہمی پر زور دیا۔
امریکی سفیر نے نواز شریف کے ساتھ امریکی ترجیحات پر بات کی اور ملاقات کے دوران خوش گوار و کھلے انداز میں گفتگو پر نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔