وزیراعلیٰ پنجاب کا اسمبلی تحلیل کا فیصلہ: سمری مل گئی، گورنر

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی تحریر کرنے کا فیصلہ کرلیا، اس حوالے سے سمری گورنر کو ارسال کردی گئی۔ دوسری جانب گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے اسمبلی تحلیل کی سمری موصول ہونے کی تصدیق کردی۔
گورنر بلیغ الرحمان نے سماجی رابطے کی سائٹ پر پرویز الہیٰ کی جانب سے بھیجی جانے والی سمری کی تصویر شیئر کی جس پر 12 جنوری 2023 کی تاریخ درج ہے۔
اس سمری میں چوہدری پرویز الہیٰ نے لکھا کہ وہ بطور وزیراعلیٰ پنجاب اسمبلی کو تحلیل کرنے کی سفارش کرتے ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ سمری کے حوالے سے جوبھی فیصلہ کروں گا وہ بھاری دل سے کروں گا، پنجاب اسمبلی عوامی نمائندوں کا ہاؤس ہے اور اس ہاؤس کی تحلیل کوئی آسان فیصلہ نہیں۔ اس کے ساتھ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ کی سفارش پر عمل نہ کرنا میرے لیے ناخوش گوار ہوگا۔ دوسری جانب گورنر پنجاب کے ٹویٹ پر جواب دیتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے لکھا کہ گورنر صاحب براہ مہربانی آئین پر عمل کرتے ہوئے جتنی جلدی ممکن ہوئی اسمبلی تحلیل کریں تاکہ ہم انتخابی مرحلے میں داخل ہوسکیں۔
قبل ازیں مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الٰہی نے سماجی رابطے کی سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں کہا تھا کہ اسمبلی تحلیل کی سمری گورنر ہاؤس پہنچ گئی ہے، اب حکومت کے پاس الیکشن کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے۔
مونس الہیٰ نے ٹویٹ میں گورنر ہاؤس سمری کی وصولی کی رسید بھی شیئر کی۔
قبل ازیں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کے بعد پرویز الہیٰ نے پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دسختط کیے اور پھر اسے گورنر ہاؤس بھیجا۔
فواد چوہدری نے کہا تھا کہ وزیراعلیٰ نے اسمبلی تحلیل کی سمری گورنر ہاؤس بھیج دی ہے اگر گورنر نے عمل درآمد نہ کیا تو 48 گھنٹوں بعد اسمبلی خود تحلیل ہوجائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ نگراں سیٹ اپ کی تشکیل کے لیے حمزہ شہباز کو بھی خط ارسال کردیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔