بے روزگاری میں ریکارڈ اضافہ تبدیلی کا اصل چہرہ ہے،بلاول بھٹو
کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اکنامک سروے 2021 کے حوالے سے بیان دیا ہے۔
اُن کا کہنا ہے کہ اکنامک سروے میں غربت اور بے روزگاری کا ذکر اس لیے نہیں کیا گیا کہ ان دونوں میں تاریخی اضافہ ہوا۔
بلاول نے کہا کہ خیبرپختون خوا میں غربت میں تاریخی اضافہ ہوا، جس کی وجہ سے اکنامک سروے سے غربت کا ذکر غائب ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ میں بے روزگاری کی شرح میں ہونے والا ریکارڈ اضافہ عمران خان کی تبدیلی کا اصل چہرہ ہے۔ غربت اور بے روزگاری کے اعدادوشمار کو چھپانا اور مہنگائی کے لیے بہانہ بنانا مسئلے کا حل نہیں۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ اگر اکنامک سروے تک میں عوامی مسائل کی درست نشان دہی نہیں ہوگی تو یہ مسئلے کیسے حل ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ کے بوجھ کو اٹھاتے ہوئے مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کی صورت عمران خان کی نااہلی کی مہنگی قیمت کو بھگت رہے ہیں۔