توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بشریٰ بی بی کی ضمانت میں توسیع

اسلام آباد: توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ کیس میں احتساب عدالت نے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانت میں توسیع کردی۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت کی، اس سلسلے میں ان کے وکیل لطیف کھوسہ اور انتظار پنجوتھا عدالت میں پیش ہوئے۔
لطیف کھوسہ نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کی آج 2 بجے چیئرمین پی ٹی آئی سے اٹک جیل میں ملاقات ہے، ان کے پاس اپنے شوہر سے ملنے کا ہفتے میں ایک ہی دن ہوتا ہے، نیب نے بھی بشریٰ بی بی کو آج طلبی کا نوٹس بھیجا ہوا ہے، وہ پہلے بھی نیب دفتر پیش ہوچکی ہیں۔
وکیل انتظار پنجوتھا نے کہا کہ نیب کو ہدایت جاری کریں کہ تاریخ میں تعاون کرلیا کریں، اس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ نیب کی جانب سے طلبی کا پہلے بتانا ضروری نہیں ہوتا، بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ کیس میں فی الحال گرفتاری درکار نہیں۔
لطیف کھوسہ نے مؤقف اپنایا کہ احتساب عدالت ڈائریکشن جاری کرے کہ اگر نیب کو گرفتاری درکار ہو تو پہلے عدالت سے اجازت لی جائے۔
اس دوران لطیف کھوسہ نے بشریٰ بی بی کی 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس میں درخواست ضمانت دائر کی اور مؤقف اپنایا کہ بشریٰ بی بی کی اگر گرفتاری مطلوب ہو تو پہلے آگاہ کیا جائے۔
بعدازاں عدالت نے بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ کیس میں 26 ستمبر تک ضمانت میں توسیع کردی اور 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس میں ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض 26 ستمبر تک ضمانت منظور کرلی، جس کے بعد بشریٰ بی بی جوڈیشل کمپلیکس سے روانہ ہوگئیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔