عامر لیاقت کا پوسٹ مارٹم کرانے کی درخواست عدالت عظمیٰ سے خارج

اسلام آباد: عدالت عظمیٰ نے ٹی وی انڈسٹری کی مقبول شخصیت مرحوم عامر لیاقت حسین کا پوسٹ مارٹم کرانے کی درخواست خارج کردی۔
عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ دانیہ عامر نے پوسٹ مارٹم کرانے کی درخواست دائر کی تھی، جس پر جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔
جسٹس اعجازالاحسن نے دوران سماعت ریمارکس دیے کہ اب تو یہ درخواست غیر مؤثر ہوچکی۔
دانیہ عامر کے وکیل نے کہا کہ عدالت مہلت دے تو کچھ دستاویزات جمع کروانا چاہتا ہوں، اہم معاملہ ہے اور چاہتے ہیں پوسٹ مارٹم ہو، وجوہ سامنے آئیں۔ اس پر جسٹس شاہد وحید نے کہا کہ اب تک تو باڈی ڈی کمپوز ہوچکی ہوگی۔
دانیہ عامر کے وکیل نے کہا کہ عدالت اجازت دے تو درخواست واپس لینا چاہتے ہیں۔
عدالت عظمیٰ نے مقدمہ واپس لینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کیس خارج کردیا۔
خیال رہے کہ عامر لیاقت حسین گزشتہ برس جون میں انتقال کرگئے تھے، وہ کراچی میں واقع اپنی رہائش گاہ میں مُردہ پائے گئے تھے، ان کی تدفین عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں کی گئی تھی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔