برطانیہ پاکستانی سیلاب زدگان کیلیے مزید 10 ملین پاؤنڈ فراہم کرے گا

لندن: برطانیہ کا پاکستانی سیلاب زدگان کے لیے بڑا اعلان، برطانیہ نے پاکستان میں سیلاب کی امدادی سرگرمیوں کے لیے اضافی 10 ملین پاؤنڈ یعنی 2 ارب 45 کروڑ 29 لاکھ اور 77 ہزار روپے کی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی انسانی امداد کے لیے مزید 10 ملین پاؤنڈ کا اعلان کیا ہے۔ اس اضافے کے بعد برطانوی امداد مجموعی طور پر 26.5 ملین پاؤنڈ یعنی 6 ارب 50 کروڑ روپے ہوگئی۔
برطانیہ سے ملنے والی مجموعی امداد میں سے 21.5 ملین پاؤنڈ سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں جب کہ بقیہ 50 لاکھ پاؤنڈ براہ راست ڈیزاسٹرز ایمرجنسی کمیٹی (DEC) کو جائیں گے۔
پاکستان میں برطانوی سفارت خانے سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 10 ملین پاؤنڈز کی اضافی مالی امداد پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں جیسے ڈینگی، ملیریا، ہیضہ وغیرہ کے سدباب کے علاوہ بے گھر افراد کے لیے پناہ گاہوں کے قیام، صاف پانی کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کے لیے استعمال ہوں گے۔
بیان میں کہا گیا کہ برطانوی وزیر مملکت برائے جنوبی ایشیا لارڈ طارق احمد آف ومبلڈن سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے لیے پاکستان پہنچے ہیں اور وہ وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور دیگر حکومتی شخصیات سے ملاقات کریں گے۔
دھیان رہے کہ پاکستان میں سیلاب کے باعث 3 کروڑ افراد بے گھر اور 1700 ہلاک ہوگئے جب کہ کئی علاقوں میں جمع پانی نے ملیریا اور ڈینگی جیسی بیماریوں کو جنم دیا ہے۔
لارڈ طارق احمد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ برطانیہ مستقبل میں موسمیاتی آفات کے خلاف پاکستان کی معاشی بحالی کی حمایت کرے گا۔ برطانیہ کی نئی ترقی پذیر ممالک ٹریڈنگ اسکیم پاکستان سے برطانیہ کو برآمد کی جانے والی 94 فیصد اشیا کو ڈیوٹی فری رسائی دے کر تجارت کو بڑھانے میں مدد دے گی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔