نوبیاہتا دُلہن شادی کے کچھ روز بعد سونا اور نقدی لے اُڑی

نئی دہلی: بھارتی فلم ڈولی کی ڈولی میں ہیروئن سونم کپور کا طریقہ واردات یہ دکھایا ہے کہ وہ کسی لڑکے کو اپنے پیار میں پاگل کرکے اُس سے بیاہ رچاتی اور سہاگ رات کو پورے گھرانے کو نشہ آور شے پلاکر سونا، نقدی اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوجاتی تھی۔
یہ تو ایک فلم تھی، لیکن اب انڈیا میں حقیقت میں ایسی دلہن سے متعلق اطلاعات میڈیا کی زینت بن رہی ہیں جو شادی کے کچھ روز بعد شوہر کے گھر سے سب کچھ لوٹ کر رفوچکر ہوگئی، تاہم کافی تگ و دو کے بعد قانون کی گرفت میں بھی آگئی۔
تفصیل اس اجمال کی یہ ہے کہ خاتون نے شادی کا ڈرامہ رچا کر متعدد دُلہوں کو لوٹ لیا، پولیس نے ملزمہ کو پاک بھارت سرحد سے متصل علاقے سے گرفتار کرلیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق دلہن کے قیمتی اشیاء لیکر فرار ہونے کا واقعہ ریاست راجستھان کے شہر سیکر میں پیش آیا، جہاں ایک خاتون شادی کے 12 دن بعد ہی گھر سے 16 تولے سونا اور 75 ہزار روپے نقدی لیکر فرار ہوگئی۔
پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی دلہن گگن دیپ کو پاک بھارت سرحد سے متصل علاقے شری گنگا نگر سے گرفتار کرلیا۔
سریش کمار کی جانب سے قیمتی اشیاء اور نقدی چوری ہونے پر تھانے میں ایف آئی آر درج کرائی گئی۔
ایف آئی آر کے متن میں متاثرہ دولہا کا کہنا تھا کہ میری (سریش کمار کی) 15 مئی کو رشتہ کروانے والے کی جان پہچان سے گگن دیپ نامی خاتون سے شادی ہوئی، جس کے عوض رشتہ کروانے والے نے سریش سے 53 ہزار پیشگی اور 23 ہزار بعداز شادی فیس وصول کی۔
پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شادی کے دو ہفتے بعد ہی دلہن گھر سے سونا اور نقدی لیکر رفوچکر ہوگئی۔
پولیس نے دولہا کی شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے دلہن گگن دیپ کو پاک بھارت سرحد سے متصل علاقے شری گنگا نگر سے گرفتار کرلیا۔
پولیس کی تفتیش کے دوران فراڈ میں ملوث خاتون نے انکشاف کیا کہ وہ پہلے سے شادی شدہ اور تین بچوں کی ماں ہے، جو شادی صرف واردات کے لیے کرتی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔