پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھاکر مہنگائی کا سونامی لایا گیا: بلاول

کراچی: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھاکر پی ٹی آئی ملک میں مہنگائی کا سونامی لے آئی، پٹرول مہنگا کرکے حکومت عوام سے اپنی نااہلی کی قیمت وصول کررہی ہے۔
بلاول بھٹو نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کے دور میں عالمی منڈی میں قیمتیں بڑھیں تو ہم نے بوجھ عوام پر نہیں ڈالا تھا، پیپلزپارٹی کی عوام دوست حکومت ہی ملک کو مہنگائی کے سونامی سے بچاسکتی ہے، بجلی، پٹرول، ڈیزل مہنگا کرنا ثابت کرتا ہے عمران خان عوام دشمن وزیراعظم ہیں، ظالم حکومت سے نجات کے لیے عوام میرا ساتھ دیں۔
خیال رہے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے 44 پیسے تک کا ریکارڈ اضافہ کیا گیا۔ حکومت نے پٹرول 10 روپے 49 پیسے فی لیٹر مہنگا کردیا۔ نئی قیمت 137 روپے 79 پیسے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔
وزارت خزانہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 12 روپے 44 پیسہ تک کا اضافہ کیا گیا، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 134 روپے 48 پیسے ہوگئی۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے 59 پیسے اضافہ کر کے نئی قیمت 110 روپے 26 پیسے مقرر کر دی گئی۔
وزارت خزانہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 8 روپے 84 پیسے اضافہ کیا گیا، جس کے بعد لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 108 روپے 35 پیسے ہوگئی۔ نئی قیمتوں کا اطلاق کر دیا گیا، نئی قیمتیں 15 روز کے لیے نافذ ہوں گی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔