انتخابات 8 فروری کو ہی ہوں گے، سب تیاری کریں، بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سب تیاری کریں ملک میں الیکشن 8 فروری کو ہی ہوں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کا سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، امید ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو ریفرنس میں پیپلز پارٹی کو انصاف ملے گا، یہ ایک موقع ہے کہ تاریخ کو درست کریں، تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنی غلطیاں ماننی چاہئیں، امید ہے چیف جسٹس اور دیگر ججز انصاف پر مبنی فیصلہ کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کا ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا ہم نہیں سمجھتے ہمارے نظام میں اتنی شفافیت ہے کہ کسی کو بھی پھانسی کی سزا دی جائے، اب جو کچھ ہورہا ہے ماضی میں اس سے بہت برا ہوا ہے۔
ملک میں الیکشن سے متعلق سوال پر چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا عام انتخابات 8 فروری کو ہو رہے ہیں، اقوام متحدہ سے بھی قرار داد پاس کروا لیں پھر بھی انتخابات 8 فروری کو ہوں گے۔
الیکشن کے التوا سے متعلق سینیٹ سے منظور قرارداد پر بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا چیف جسٹس کی بات میں زیادہ وزن ہے یا چند سینیٹرز کی بات میں، 8 فروری کو الیکشن ہوں گے، سب تیاری کریں اور ووٹ بھی ڈالیں۔
اُن کا کہنا تھا پیپلز پارٹی نے کراچی اور حیدرآباد کے بلدیاتی انتخابات جیتے، پیپلزپارٹی نے کراچی میں بہت ترقی کی ہے، امید ہے کراچی کے عوام عام انتخابات میں بھی پیپلز پارٹی کو موقع دیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا میں تمام سیاسی جماعتوں کا مقابلہ کررہا ہوں، پیپلز پارٹی ہی بے روزگاری، مہنگائی اور غربت کا مقابلہ کرسکتی ہے، ہم سے تلوار چھینی گئی تو ہم نے تیر پر الیکشن لڑا اور اب تک لڑرہے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا پاکستان کے عوام کی کرکٹ سے محبت ہے یہ تو ہم انکار نہیں کرسکتے، بانی پی ٹی آئی تو خود کہتے تھے کہ ادارے آزاد ہیں، اب وہ اپنی صفائی خود پیش کریں، سب سے پہلے بانی پی ٹی آئی کو توبہ کرنی پڑے گی، وہ خود اپنی غلطی مانیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا ہم ذاتی انا کو دفن کرکے ایک بہتر مستقبل کی طرف جاسکتے ہیں، ہم نے چارٹر آف ڈیموکریسی دیا تو بانی پی ٹی آئی نے اُسے مک مکا کہا، پی ٹی آئی کا وہی مقصد ہے کہ میں نہ خود کھیلوں گا اور نہ ہی کسی کو کھیلنے دوں گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔