ہم سفر ڈرامے میں صرف پیسوں کی خاطر کام کیا، فواد خان

کراچی: بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی اداکار فواد خان نے اپنے بلاک بسٹر ڈراما سیریل ہم سفر سے متعلق انکشاف کیا ہے کہ اُنہیں اس ڈرامے کی کہانی نے متاثر نہیں کیا تھا بلکہ اُنہوں نے صرف پیسوں کی خاطر یہ ڈرامہ کیا۔
فواد خان نے ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب مجھے ہم سفر کی آفر ہوئی تھی تو میں نے اس ڈرامے میں کام کرنے سے انکار کردیا تھا، مجھے تین بار اسی ڈرامے کی آفر ہوئی تھی اور میں نے دو بار انکار کردیا تھا۔
فواد نے کہا کہ اس ڈرامے کی کہانی منفرد نہیں تھی، دیگر ڈراموں کے جیسی تھی، اسکرپٹ پڑھنے کے بعد بھی مجھے ڈرامے کی کہانی نے متاثر نہیں کیا تھا۔
اُنہوں نے کہا کہ یہ ڈرامہ صرف پیسوں کی خاطر کیا تھا جب کہ یہ ڈرامہ اپنی کاسٹ اور اپنے گانے کی وجہ سے مقبول ہوا تھا، ڈرامے کی مقبولیت میں کہانی کا کوئی کردار نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس ڈرامے نے میرے کیریئر کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے لیکن اگر مجھے دوبارہ یہ ڈرامہ کرنے کا موقع ملا تو میں نہیں کروں گا۔
خیال رہے کہ 2011 میں مقبولیت کے کئی ریکارڈ توڑنے والے ڈرامہ سیریل ہم سفر میں فواد خان اور ماہرہ خان کی اداکاری آج بھی لوگوں کے ذہنوں میں تازہ ہے، یہ ڈرامہ پاکستان سمیت خطے کے دیگر ملکوں میں خاصا پسند کیا گیا تھا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔