بجلی مہنگی کرنے کی درخواست نیپرا کو ارسال!

اسلام آباد: بجلی ایک روپے 95 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست حکومت نے نیپرا کو بھجوادی۔
نجی ٹی وی کے مطابق حکومت نے بجلی ایک روپے 95 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست نیپرا کو بھجوادی ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے بھجوائی گئی درخواست پر نیپرا فیصلہ دے گی اور نیپرا کے فیصلے کے بعد پاور ڈویژن نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیپرا حکومتی درخواست پر سماعت کے بعد یا بغیر سماعت کے فیصلہ دے سکتی ہے تاہم امکان ہے کہ نیپرا حکومتی درخواست پر سماعت کے بعد ہی فیصلہ دے گی۔
وفاقی وزیر توانائی عمرایوب نے دو روز قبل پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ مشکل ترین دور میں پاور سیکٹر کو سبسڈی دی گئی تاہم اب ایک روپے 95 پیسے فی یونٹ بجلی مہنگی کرنے جارہے ہیں، اضافے کے لیے نیپرا میں درخواست دے رہے ہیں۔
وفاقی کابینہ بجلی ایک روپے 95 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے چکی، کابینہ سے بجلی مہنگی کرنے کی سمری کی منظوری سرکولیشن کے ذریعے لی گئی۔ نیپرا نے بجلی 3 روپے 30 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کا فیصلہ دیا تھا، تاہم حکومت نے بجلی 3 روپے 30 پیسے کے بجائے ایک روپے 95 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کا فیصلہ کیا۔
خیال رہے کہ رواں ماہ ہی حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں 1 روپے 6 پیسے فی یونٹ کا اضافہ کیا تھا، نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا، جس کے تحت اکتوبر کے لیے 29 پیسے اور نومبر کے لیے 76 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔