45 کلو وزنی دُنیا کا سب سے بڑا لیپ ٹاپ

نارتھ کیرولینا: اگرچہ یہ لیپ ٹاپ کسی کمپنی نے نہیں تیار کیا، لیکن اسے دنیا کا سب بڑا اور وزنی لیپ ٹاپ قرار دیا جاسکتا ہے، جو کسی بھی عام لیپ ٹاپ کی طرح کام کرتا ہے۔
اسے یوٹیوبر جوڑے ایوان اور کیٹلِن نے تیار کیا ہے جو ٹیکنالوجی کی دلچسپ اشیا بناتے رہتے ہیں۔ یہ لیپ ٹاپ لگ بھگ 100 پونڈ (45 کلوگرام) وزنی ہے اور اسکرین لگ بھگ 43 انچ وسیع ہے۔ تاہم اسے مضبوط بنانے کے لیے بھاری دھاتی پلیٹیں استعمال کی گئی ہیں، جو اس کے وزن کو ہولناک بنادیتی ہیں، تاہم کئی ماہ کی محنت کے بعد اِیوان اور کیٹلِن نے یہ ثابت کر دکھایا کہ ایسا لیپ ٹاپ بنایا جاسکتا ہے۔


اس کا زیریں تختہ پلائی کی لکڑی سے تراشا گیا ہے اور اس میں دھاتی لیور لگاکر لیپ ٹاپ اسکرین گھمانے کی سہولت دی گئی ہے۔ تاہم اطراف کی مضبوطی کے لیے فولادی پٹیاں لگائی گئی ہیں۔ کی بورڈ بھی جناتی بنایا گیا ہے جسے ری ڈریگن کے 605 مشینی کی بورڈ کا نام دیا گیا ہے۔ ماؤس پیڈ کی جگہ ٹیبلٹ کی جسامت کا ایک ایک ٹچ پیڈ نصب کیا گیا ہے، جو اس کی جدت میں اضافہ کرتا ہے۔
اگرچہ یہ عام کمپیوٹر کی طرح چلتا ہے لیکن اسے گیمرز نے سراہا ہے جو بڑی اسکرین پر گیم کا لطف اٹھانا چاہتے ہیں۔ اگرچہ اس میں عام لیپ ٹاپ کا سرکٹ ہی ہے لیکن اسکرین کے لیے غیرمعمولی بجلی درکار تھی۔ اس کے لیے 150 واٹ بیٹری کا ایک جوڑا لگایا گیا ہے جب کہ ایک تیسری بیٹری سے ایل ای ڈی لائٹ روشن کی گئی ہیں۔
اس کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے لیے بھجوادیا گیا ہے تاہم اب ان کے جواب کا انتظار ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔