ملک میں بجلی کا بڑا بریک ڈائون، کراچی سمیت پورا سندھ متاثر
کراچی/ اسلام آباد: کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل گرڈ میں خرابی سے ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی ہے جب کہ سندھ میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کینپ نیوکلیئر پلانٹ کی بجلی بھی سسٹم سے نکل گئی ہے اور ملتان سے زیریں پنجاب میں بھی بجلی سسٹم سے نکل چکی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل گرڈ میں خلل سے 6 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم سے نکلی ہے، جس کی بحالی کے لیے آپریشن جاری ہے۔
نیشنل گرڈ میں خرابی سے کراچی کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہوگیا ہے، جہاں ناظم آباد بلاک چار اور تین، لیاقت آباد سی ون ایریا، فیڈرل بی ایریا بلاک 13، 12، 11، کھارادر، لیاری، اولڈ سٹی ایریا، ملیر ہالٹ اور رفاہ عام میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
گلشن اقبال، راشد منہاس روڈ، گلشن جمال، ڈالمیا روڈ، گلستان جوہر، ڈیفنس ہاؤسنگ اور پی ای سی ایچ سوسائٹی میں بھی بجلی کی فراہمی بند ہوگئی ہے۔
واپڈا کے ایگزیکٹو انجینئر کے مطابق بریک ڈاؤن سے سندھ بھر میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔
دوسری جانب بہاولنگر میں بھی بریک ڈاؤن کے باعث ضلع بھر میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے جب کہ ملتان شہر کے بیشتر علاقوں میں بھی بجلی بند ہے۔
علاوہ ازیں بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی بجلی کی سپلائی معطل ہے جہاں قریباً 28 اضلاع بجلی سے محروم ہیں۔
کیسکو حکام کے مطابق بریک ڈاؤن سے بلوچستان کو 220 کے وی کے تین ذرائع سے بجلی کی سپلائی متاثر ہوئی۔
واپڈا ذرائع کے مطابق گڈو تھرمل پاور ہاؤس میں بھی فنی خرابی ہوئی ہے جس سے 832 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے والے 6 یونٹ ٹرپ ہوگئے جس کے باعث کشمور، سندھ، بلوچستان اور پنجاب کو گڈو تھرمل پاور ہاؤس سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کا بریک ڈاؤن فیصل آباد میں گٹی گرڈاسٹیشن میں خرابی سے ہوا جس میں فنی خرابی کے باعث گرڈ اسٹیشن ٹرپ ہوا اور 500 کے وی کی ترسیلی لائنوں میں خرابی ہوئی۔
ذرائع کے مطابق خرابی نے پورا جنوب کا علاقہ لپیٹ میں لے لیا جس سے ملتان، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، اندرون سندھ اور کراچی بجلی سے محروم ہوگیا۔
وزارت توانائی کے مطابق ملک کے جنوبی ٹرانسمیشن سسٹم میں حادثاتی خرابی ہوئی ہے، جس سے متعدد جنوبی پاور پلانٹس مرحلہ وار ٹرپ ہورہے ہیں، پاورپلانٹس ٹرپ ہونے سے ملک کے جنوبی حصے میں بجلی کی ترسیل میں رکاوٹ آرہی ہے۔
وزارت توانائی کے مطابق اپنی پوری تندہی سے خرابی کی وجہ کی تفتیش کی جارہی ہے اور جلد بجلی کے نظام کو مکمل بحال کرلیا جائے گا۔