بھارتی میڈیا جھوٹی خبریں پھیلانا بند کرے، وسیم اکرم
قومی ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے خود سے متعلق جھوٹی خبر چلانے پر بھارتی میڈیا پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے چند روز قبل ہی پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے لیے قومی ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ کے نام کی منظوری دی تھی جس پر وسیم اکرم سمیت قومی ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں نے انہیں مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
لیکن بھارتی میڈیا جو پاکستان کے ہر معاملے میں پروپیگنڈا کرتا ہے اس معاملے پر بھی جھوٹی اور من گھڑت خبریں چلانے سے باز نہ آیا۔
بھارت کے ایک بڑے میڈیا گروپ نے گزشتہ روز یہ خبر شائع کی کہ وسیم اکرم بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین بننے کے خواہشمند تھے لیکن ان کے نام پر غور نہیں کیا گیا۔
وسیم اکرم نے سوشل میڈیا پر اس خبر کا حوالہ دیتے ہوئے بھارتی میڈیا کو جواب دیا کہ برائے مہربانی اس طرح کی جھوٹی خبروں کو پھیلانا بند کر دیں اور اپنے ذرائع ٹھیک کر لیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ٹائمز آف انڈیا کا شمار بھارت کے بڑے اور معتبر اخبارات میں ہوتا ہے لیکن اس طرح کی بے بنیاد خبروں سے اس کی ساکھ کو نقصان پہنچے گا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کا عہدہ ایک اسپیشلائزڈ ملازمت ہے اور میں نے کبھی بھی اس عہدے میں دلچسپی ظاہر نہیں کی۔
سابق کپتان قومی ٹیم کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے کہ میں آج زندگی میں جس مقام پر ہوں وہاں مطمئن ہوں۔