بانو قدسیہ کی سالگرہ، گوگل کا خراج عقیدت!
لاہور: اردو ادب کی عظیم خدمات پر بانو قدسیہ کی 92 ویں سالگرہ پر گوگل نے اپنا ڈوڈل تبدیل کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
معروف ناول نگار، افسانہ نگار اور ڈرامہ نویس بانو قدسیہ 88 برس کی عمر میں انتقال کرگئی تھیں اور اب ان کی 92 ویں سالگرہ پر سرچ انجن گوگل نے اپنا انداز تبدیل کرلیا ہے۔
گوگل کے اس نئے ڈوڈل میں بانو قدسیہ کا اینی میٹڈ آرٹ بنا ہوا ہے، جس میں آس پاس کتابیں بھی نظر آرہی ہیں۔
بانو قدسیہ 1928 میں بھارت کے شہر فیروزپور میں پیدا ہوئیں، ہجرت کے وقت سرحد کے اِس پار آپہنچیں اور پھر یہیں کی ہو کر رہ گئیں۔
انہوں نے کنیئرڈ کالج برائے خواتین لاہور سے ریاضیات اور اقتصادیات میں گریجویشن کیا اور 1951 میں گورنمنٹ کالج لاہور سے ایم اے اردو کی ڈگری حاصل کی۔
انہیں اردو ادب کے ساتھ شروع سے لگاؤ تھا، مشہور افسانہ نگار اور ڈرامہ نویس اشفاق احمد سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کے بعد ان کی معاونت سے ادبی پرچہ داستان گو جاری کیا۔
بانو قدسیہ نے اردو اور پنجابی زبانوں میں ریڈیو اور ٹیلی وژن کے لیے بہت سے ڈرامے بھی لکھے، اُن کے ایک ڈرامے آدھی بات کو کلاسک کا درجہ حاصل ہے۔
بانو قدسیہ نے راجہ گدھ، آتشِ زِیرِ پا اور امربیل جیسی شہرہ آفاق تحریریں لکھیں جنہیں آج بھی بالخصوص نوجوان شوق سے پڑھتے ہیں۔
بانو قدسیہ شدید علالت کے باعث 4 فروری 2017 کو دنیائے فانی سے کوچ کر گئیں، اردو ادب میں ان کے خلا کو کوئی پُر نہیں کرسکتا۔