یکم اکتوبر سے ویکسی نیشن نہ کرانے والے شہریوں کے ریلوے سفر پر پابندی

اسلام آباد: این سی او سی نے یکم اکتوبر سے ویکسی نیشن کے بغیر ریلوے کے سفر پر پابندی کا اعلان کردیا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس ہوا، جس میں ملک میں کورونا کی صورت حال اور اس سے بچاؤ کے لیے ویکسی نیشن پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں ملک اور خاص کر راولپنڈی اور پشاور میں کورونا کے پھیلاؤ پر اظہارِ تشویش کیا گیا اور متعلقہ اکائیوں کو کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے کی ہدایات کی گئیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یکم اکتوبر 2021 سے صرف ویکسی نیٹڈ شہری ہی ریلوے پر سفر کرسکیں گے۔
اجلاس کے دوران محرم الحرام کی آمد کے پیشِ نظر کیے جانے والے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ فورم نے ویکسی نیشن کے عمل پر اظہارِ اطمینان جب کہ ویکسین کی دوسری خوراک بروقت لگوانے کے لیے اقدامات کرنے پر زور دیا گیا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔