بلوچستان، فورسز کیمپوں پر حملوں میں 13 دہشت گرد ہلاک، 7 فوجی شہید

اسلام آباد: بلوچستان کے علاقوں پنجگور اور نوشکی میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے حملے ناکام بناتے ہوئے کلیئرنس آپریشن میں 13 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جب کہ پاک فوج کے 7 جوان شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے فوجی کیمپس پر حملے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 13 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نوشکی میں دہشت گردوں نے ایف سی کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کی جس کا بھرپور جواب دیا گیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 9 دہشت گرد ہلاک اور ایک افسر سمیت سیکیورٹی فورسز کے 4 اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ نوشکی میں دہشت گردوں نے فرنٹیئر کور (ایف سی) کے کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کی جس کا ’فوری جواب‘ دیا گیا۔
دوسری جانب پنجگور میں فورسز پر حملے میں چار دہشت گرد مارے گئے جب کہ 3 فوجی شہید اور 4 زخمی ہوئے۔ سیکیورٹی فورسز نے چار سے پانچ دہشت گردوں کو گھیرے میں لے رکھا ہے۔ دہشت گردوں کے رابطے بھارت اور افغانستان سے ملتے ہیں۔
وزیراعلی بلوچستان عبد القدوس بزنجو نے نوشکی اور پنجگور میں ایف سی کیمپ پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی ہے۔
انہوں نے سیکیورٹی فورسز کو جرأت دکھانے اور دہشت گردوں کے حملے ناکام بنانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد بزدلانہ حملوں سے ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز کو مرعوب نہیں کرسکتے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ہماری سیکیورٹی فورسز تاریخ رقم کررہی ہیں، دہشت گرد یاد رکھیں ان کا مقابلہ دنیا کی بہترین فوج سے ہے جو انہیں ہر محاذ پر شکست سے دوچار کرے گی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔