بابراعظم کی ون ڈے پلیئر آف دی ایئر کے لیے نامزدگی

دبئی: آئی سی سی نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ ایوارڈ کے لیے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم سمیت چار کھلاڑیوں کی نامزدگیوں کا اعلان کردیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے سال کے دوران ٹیسٹ، ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے انٹرنیشنل فارمیٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی نامزدگیوں کا اعلان کیا جاتا ہے۔
آئی سی سی نے ٹیسٹ، ٹی ٹوئنٹی کے بعد اب سال 2021 کے دوران مینز ون ڈے انٹرنیشنل میں بہترین کارکردگی دکھانے والے چار کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا، جس میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم بھی شامل ہیں۔
بابر اعظم کے علاوہ بنگلادیشی ٹیم کے آل راؤنڈر شکیب الحسن، افریقی بیٹسمین جانے من ملان، آئرلینڈ کے پال اسٹرلنگ کو نامزد کیا گیا ہے۔
اگر بابر اعظم کی بات کی جائے تو انہوں نے سال 2021 کے دوران 6 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے، جن میں انہوں نے 2 سنچریوں کی بدولت 67.50 کی اوسط سے 405 رنز اسکور کیے۔
شکیب الحسن نے ایک سال کے دوران 9 میچز کھیلے جن میں انہوں نے دو نصف سنچریوں کی مدد سے 277 رنز اور بحیثیت بولر 17 وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے آئی سی سی کی جانب سے مینز اور ویمنز کھلاڑیوں کے لیے ہر سال تیرہ مختلف کیٹگریز کے ایوارڈز کا اعلان کیا جاتا ہے، جس میں سے ابتدائی سات کی نامزدگیوں کا اعلان 28 سے 31 دسمبر کے درمیان ہوتا ہے، جس پر شائقین کو بھی اپنے پسندیدہ کھلاڑی کو ووٹنگ کا حق دیا جاتا ہے۔
فاتح کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان ووٹنگ اکیڈمی کا پینل جنوری کے دوسرے ہفتے میں کرتا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔