افغانستان کے ہاتھوں آسٹریلیا اپ سیٹ سے بال بال بچ گیا

ایڈیلیڈ: افغانستان کے ہاتھوں آسٹریلیا اپ سیٹ شکست سے بال بال بچ گیا، ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے آج کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 رنز سے ہرادیا۔
آسٹریلیا نے افغانستان کو جیت کے لیے 169 رنز کا ہدف دیا، افغانستان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بناسکی۔ راشد خان نے آخر میں ٹیم کو جتوانے کی بھرپور کوشش کی۔ راشد خان نے 23 گیندوں پر 48 رنز کی دھواں دھار باری کھیلی۔
ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔
آسٹریلین ٹیم کے بلے بازوں نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے، گلین میکسویل 32 گیندوں پر 54 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ میکسویل کو مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔
آج کے میچ کے لیے آسٹریلیا کے اسکواڈ میں 3 جب کہ افغانستان کے اسکواڈ میں 2 تبدیلیاں کی گئی تھیں۔
آسٹریلیا کی ٹیم کے سپر 12 میں تمام 5 میچز مکمل ہوگئے ہیں اور وہ 7 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہے۔ نیوزی لینڈ بھی 7 پوائنٹس کے ساتھ بہتر رن ریٹ کی وجہ سے پہلی پوزیشن پر ہے۔ اگر انگلینڈ نے اپنے آخری میچ میں سری لنکا کو اچھے مارجن سے شکست دے دی تو بہتر رن ریٹ کی وجہ سے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ سیمی فائنل میں پہنچ جائیں گے جب کہ آسٹریلیا باہر ہوجائے گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔