ایشیا کپ شیڈول کا اعلان: 4 میچز پاکستان، 9 سری لنکا میں ہوں گے

دبئی: ایشیا کپ 2023 کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا، ہائبرڈ ماڈل کے تحت 4 مقابلے پاکستان میں جب کہ 9 میچز سری لنکا میں کھیلے جائیں گے۔
ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے مطابق ایشیا کپ 31 اگست سے 17 ستمبر تک کھیلا جائے گا، جس میں پاکستان سمیت بھارت، سری لنکا، بنگلادیش، افغانستان اور نیپال کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔
ایشین کرکٹ کونسل کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلا جائے گا، جس میں ایونٹ کے چار میچز پاکستان اور 9 میچز سری لنکا میں ہوں گے۔
ایشیا کپ 2023 کے حوالے سے بھارت کی میں نہ مانوں کی رٹ برقرار ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کا مؤقف ہے کہ بھارتی ٹیم ایشیا کپ کھیلنے نہ پاکستان آئے گی نہ امارات میں ایشیا کپ کھیلے گی۔
ایشیا کپ 2023 کے لیے پاکستان کی جانب سے ہائبرڈ ماڈل پیش کیا گیا ہے جس کے اب قبول ہونے کے قوی امکانات ہیں۔
بھارتی خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کی رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی کے صدر جے شاہ کی سربراہی میں ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی کے تجویز کردہ ہائبرڈ ماڈل کو تسلیم کرنے کے امکانات ہیں۔
ہائبرڈ ماڈل کے تحت ایشیا کپ کے ابتدائی میچ کی میزبانی پاکستان کرے گا جب کہ بقیہ میچز سری لنکا میں کرائے جائیں گے۔
پاکستان ایشیا کپ کے 4 میچز کی میزبانی لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کرے گا، بقیہ 9 میچز سری لنکا میں کھیلے جائیں گے تاہم اگر ایشیا کپ کے فائنل میں بھارتی ٹیم آتی ہے تو فائنل بھی سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔