ایشیا کپ: پاک بھارت میچ بارش سے متاثر ہونے پر اگلے روز مکمل ہوگا

کولمبو: پی سی بی کی کوشش بالآخر رنگ لے آئیں اور ایشین کرکٹ کونسل پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ کے ریزرو ڈے کے لیے مان گئی۔
سری لنکا میں شدید بارشیں جاری ہیں اور سری لنکا کے محکمہ موسمیات نے آئندہ کچھ روز تک مزید بارشوں کی پیش گوئی کر رکھی ہے جس کے باعث ٹورنامنٹ کا فائنل بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ کے دوران سری لنکا میں شدید بارشوں کے تناظر میں کئی متعدد اعتراضات اٹھائے تھے اور پی سی بی کی جانب سے بارشوں کے باعث ہونے والے نقصان کا ازالہ کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔
پاکستان نے بارش کی پیش گوئی اور ایونٹ کی ری شیڈولنگ کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا تھا اور اب پی سی بی کے تحفظات اور اعتراضات کے بعد اے سی سی نے ریزرو ڈے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ کے سلسلے میں 10 ستمبر کو ہونے والے میچ کا ریزرو ڈے بھی ہوگا، اگر 10 ستمبر کو میچ مکمل نہیں ہوتا تو یہ میچ 11 ستمبر کو جاری رہے گا، میچ وہیں سے شروع ہوگا جہاں روکا گیا تھا۔
اگر میچ ریزرو ڈے پر جاتا ہے تو پھر بھارت کو بیک ٹو بیک میچ کھیلنا ہوں گے کیونکہ بھارت اور سری لنکا کا میچ 12 ستمبر کو شیڈول ہے۔
اگر پاکستان اور بھارت کا میچ بارش کے باعث 11 ستمبر کو بھی نہیں ہوتا اور سری لنکا اور بھارت کا 12 ستمبر کو شیڈول میچ بھی بارش کے باعث واش آؤٹ ہوجاتا ہے تو اس صورت میں پاکستان براہ راست فائنل میں پہنچ جائے گا اور دوسری فائنلسٹ ٹیم کا چناؤ ٹاس پر ہوگا۔
ایشیا کپ کا 17 ستمبر کو ہونے والا فائنل بھی بارش کے باعث متاثر ہونے کی صورت میں دونوں فائنلسٹ ٹیمیں مشترکہ فاتح قرار پائیں گی۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔