اسد عمر کی اہلیہ کا شوہر کی رہائی کیلیے عدالت عالیہ سے رجوع

لاہور: پی ٹی آئی کے اہم رہنما اسد عمر کی اہلیہ صوفیہ فاطمہ نے شوہر کی نظربندی کے خلاف اور رہائی کے لیے الگ درخواست دائر کردی۔
لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں اسد عمر کی اہلیہ نے ڈپٹی کمشنر، سی سی پی او، آئی جی اور جیل سپرنٹنڈنٹ کو فریق بنایا ہے۔
انہوں نے درخواست میں کہا کہ اسد عمر قانون کی پابندی کرنے والے شہری ہیں، وہ غیر سماجی سرگرمیوں میں ملوث نہیں اور غیر قانونی حراست میں ہیں۔
انہوں نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ پولیس نے ڈپٹی کمشنرکی ہدایت پر اسد عمرکو حراست میں لیا، ڈپٹی کمشنر نے غیر قانونی طور پر نظربندی کا حکم جاری کیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ صحت سے متعلق جاننے کے لیے ملنے کی کوشش کی، لیکن ملوانے سے انکار کردیا گیا، لہٰذا استدعا ہے کہ اسدعمر کی نظربندی کو غیر قانونی قرار دے کر رہا کیا جائے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں جیل بھرو تحریک میں اسد عمر نے لاہور سے رضا کارانہ طور پر گرفتاری پیش کی تھی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔