آصف کا کیچ چھوڑنے پر انتہاپسندوں نے ارش دیپ کو خالصتانی ٹھہرادیا

نئی دہلی: گزشتہ روز پاکستان نے بھارت کو شکست سے دوچار کیا، یہ شکست بھارتی انتہاپسندوں سے ہضم نہ ہوسکی، اس لیے انہوں نے میچ میں محمد آصف کا کیچ چھوڑنے والے بولر ارش دیپ سنگھ کو خالصتان کا حامی قرار دے دیا۔
ایشیا کپ ٹورنامنٹ میں پاکستان کے ہاتھوں 5 وکٹوں سے بھارتی شکست کے بعد ہندو انتہاپسند آپے سے باہر ہوگئے اور کیچ چھوڑنے پر ارش دیپ سنگھ کو خالصتان کا حامی اور ایجنٹ قرار دے دیا۔
میچ کے اہم موقع پر ارش دیپ سنگھ سے محمد آصف کا کیچ ڈراپ ہوگیا تھا جس کے بعد بھارتی سوشل میڈیا پر ارش دیپ سنگھ کو بدترین تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ ہندوانتہاپسند صارفین نے ارش دیپ پر جان بوجھ کر کیچ چھوڑنے کا الزام عائد کرتے ہوئے انہیں خالصتانی قرار دے دیا۔
پاکستان کے سابق کپتان محمد حفیظ نے ارش دیپ سنگھ کی حمایت میں ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ کھیل میں غلطیاں ہوجاتی ہیں۔ بھارتی شائقین سے درخواست ہے کہ کسی کی تذلیل نہ کریں۔
دوسری جانب سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ نے تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ نوجوان ارش دیپ پر تنقید کرنا بند کریں۔ کوئی بھی جان بوجھ کر کیچ نہیں چھوڑتا۔ پاکستان نے بہتر کھیلا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔