امریکی معیشت کی بحالی کا عظیم منصوبہ پیش کردیا گیا!

واشنگٹن: امریکی صدرجوبائیڈن نے معیشت کی بحالی کا سب سے بڑا منصوبہ پیش کردیا جو 23 کھرب ڈالر کا ہے۔
امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے امریکا میں نئی معیشت کی بحالی اور انفرا اسٹرکچر کو سہارا دینے کے لیے بڑا منصوبہ پیش کیا ہے جس کی مالیت 23 کھرب ڈالر ہے اور منصوبہ 8 برسوں پر محیط ہوگا۔
اس منصوبے کے ذریعے 20 ہزار کلومیٹر طویل سڑکیں بنانے سمیت ہزاروں کی تعداد میں پلوں کی تعمیر نو کی جائے گی۔ پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے مالی امداد کو دگنا کیا جائے گا جب کہ الیکٹرک گاڑیوں کے لیے ہزاروں چارجنگ اسٹیشن بھی بنائے جائیں گے۔
امریکی صدرجوبائیڈن نے پیش کیے جانے والے منصوبے کو خلائی دوڑ سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ کئی نسلوں میں ایک بار ہی پیش کیا جاتا ہے، جس کی مدد سے ایک ایسی نئی معیشت وجود میں آئے گی جو چین کو بھی پیچھے چھوڑ دے گی۔
جوبائیڈن نے کہا کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد یہ امریکا میں روزگار پیدا کرنے کا سب سے بڑا منصوبہ ہوگا، منصوبے کی مدد سے لاکھوں ملازمتوں کا اجرا ہوگا اور ٹرانسپورٹ نیٹ ورک بحال کرنے سمیت امیزون و دیگر بڑی کمپنیوں پر ٹیکسوں میں اضافہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب صدربائیڈن اس منصوبے کو موسم گرما تک منظور کروانے کے خواہش مند ہیں، تاہم مبصرین کا کہنا ہے کہ ری پبلکن قانون سازوں کی جانب سے منصوبے کو مزاحمت کا سامنا ہوگا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔