علامہ خادم رضوی کی نماز جنازہ ادا، لوگوں کی بھرپور شرکت!

لاہور: سربراہ تحریک لبیک پاکستان علامہ خادم حسین رضوی کی نماز جنازہ مینار پاکستان کے گریٹر اقبال پارک میں ادا کی گئی، جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔
جنازے میں رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن سمیت کثیر تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔ خادم حسین رضوی کی میت کو ایمبولینس میں مسجد رحمت اللعالمین سے گریٹر اقبال پارک لایا گیا۔ نماز جنازہ کے لیے آنے والوں کو تلاشی کے بعد داخلے کی اجازت دی گئی۔ گراؤنڈ سے مسلسل لبیک یارسول اللہ کی صدائیں بلند ہوتی رہیں۔


تحریک لبیک پاکستان کے کارکنان بھی پولیس کے ہمراہ سیکیورٹی پر مامور رہے اور لوگوں کو مکمل چیکنگ کے بعد اندر جانے کی اجازت دی گئی۔ کورونا خدشات کے پیش نظر نمازِ جنازہ میں شریک شہریوں نے فیس ماسک کا استعمال کیا۔
راستے میں جگہ جگہ کھڑے افراد نے علامہ خادم حسین رضوی کی میت والے قافلے پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ ملتان روڈ پر زیادہ تر مارکیٹیں اور دکانیں بند رکھی گئیں اور میت والا قافلہ گزرنے کے بعد روڈ پر ٹریفک بحال ہوئی اور مارکیٹیں کھولی گئیں۔
مختلف علاقوں سے آئے کارکنوں کو مولانا خادم حسین رضوی کا آخری دیدار کروایا گیا۔ اس موقع پر کارکنوں نے تاجدارِ ختم نبوت اور لبیک یارسول اللہ کے نعرے لگائے۔ مرحوم کی رہائش گاہ کے باہر سیکڑوں عقیدت مند موجود تھے۔
علامہ خادم حسین رضوی کی تدفین ان کی مسجد رحمت العالمین کے مدرسے میں کی جائے گی۔ خادم حسین رضوی کی نماز جنازہ کے موقع پر شہر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔