26 نومبر سے تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان!

اسلام آباد: کورونا وبا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر حکومت نے 26 نومبر سے ملک بھر کے تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
وفاقی وزیر شفقت محمود نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر 26 نومبرسے تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تعلیمی اداروں میں 26 نومبر سے 24 دسمبر تک آن لائن تعلیم کا سلسلہ جاری رہے گا، 25 دسمبر سے 10 جنوری تک سردیوں کی چھٹیاں ہوں گی، جنوری کے پہلے ہفتے میں ریویو سیشن ہوگا، 11 جنوری کو تمام تعلیمی ادارے کھل جائیں گے جب کہ یونیورسٹی فوری طور پر آن لائن لرننگ شروع کردیں گی۔
شفقت محمود کے مطابق مارچ، اپریل میں بورڈ کے امتحانات کو مئی میں کرانے کی سفارش کی ہے، یونیورسٹی ہاسٹلز کے طلبہ کا ایک تہائی حصہ ہاسٹلز میں قیام کرسکے گا، نوکریوں کے سلسلے میں ہونے والے ٹیسٹ جاری رہیں گے۔
شفقت محمود کا کہنا ہے کہ اساتذہ کو بلانے کے حوالے سے اسکول انتظامیہ فیصلہ کرے گی، نئے تعلیمی سال کو اگست میں لے جانے کے حوالے سے تجویز زیرغور ہے، کورونا کے حوالے سے تمام صورت حال کا جائزہ لیا جاتا رہے گا۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) پہلے ہی تعلیمی ادارے فوری بند کرنے کی سفارش کرچکا ہے۔
اس سے قبل وفاقی وزیرشفقت محمود کی زیرصدارت وزرائے تعلیم کا اہم اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرائے تعلیم و دیگر متعلقہ حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔‏ اجلاس میں کورونا صورت حال کاجائزہ لیا گیا، موسم سرما کی تعطیلات سے متعلق مشاورت ہوئی اور موسم سرما کی جلد اورمعمول سے زائد تعطیلات کی تجویزپرتبادلہ خیال ہوا۔
اجلاس میں حکومت نے کورونا وبا کے بڑھتے کیسزکے پیش نظر26 نومبرسے تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کردیا جب کہ دسمبر میں ہونے والے تمام امتحانات بھی ملتوی کردیے گئے ہیں۔
وفاقی وزارت تعلیم نے کورونا کیسز بڑھنے پر تعلیمی اداروں کے لیے تجاویز ‏صوبوں ‏کو ارسال کی تھیں جس کے مطابق پہلی تجویز تعلیمی اداروں کو 24 نومبر سے 31 جنوری تک بند کرنے، دوسری تجویز نومبرسے پرائمری اسکولز بند کردیے جائیں جب کہ تیسری تجویز میں ‏2 دسمبر سے مڈل اسکولز بند کرنے کا کہا گیا ہے۔
تجاویز میں مزید کہا گیا کہ ‏15 دسمبر سے ہائرسیکنڈری اسکولزکے بچوں کو اداروں میں آنے سے روک ‏دیا ‏جائے، اساتذہ کو اداروں میں بلایا جائے، آن لائن ایجوکیشن کے لیے تیاری کی ‏جائے۔ مقامی طور پر انتظامات کیے جائیں، ٹیلی اسکول، ٹیلی ریڈیو سمیت آن لائن ‏ایجوکیشن ‏سسٹم کو لاگو کیا جائے۔
وفاقی وزارت تعلیم کی جانب سے تعلیمی سیشن کو 31 مئی تک بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے جس کے تحت میٹرک، انٹرمیڈیٹ امتحانات ‏جون ‏‏2021 میں لیے جائیں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔