آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان معاہدے کا اعلان جلد ہونے کا امکان

اسلام آباد: آئی ایم ایف اور پاکستان حتمی ڈیل کے قریب پہنچ گئے ہیں، جس کا باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان نویں جائزے اور پروگرام کی بحالی کی راہ میں رکاوٹیں دور ہوگئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی آئی ایم ایف کی ایم ڈی سے ملاقاتوں اور رابطوں سے یہ پیش رفت ممکن ہوئی ہے، وزیراعظم اور ایم ڈی آئی ایم ایف کے درمیان پیرس میں رابطوں اور ملاقاتوں سے بریک تھرو ہوا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ وزارت خزانہ اور آئی ایم ایف ٹیم کے درمیان 3 دن سے مذاکرات جاری تھے، جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب بات چیت اور نئے ڈرافٹ کی تیاری کا عمل جاری رہا، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم گزشتہ 3 دن سے معاملات طے کرنے میں مصروف تھی۔
ذرائع نے دعویٰ کیا کہ آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان مزید مسئلہ یا تکنیکی دقت نہ ہوئی تو نواں جائزہ تکمیل کو پہنچ جائے گا، ہفتے کی صبح آئی ایم ایف اور وزارت خزانہ کی ٹیم نے نئے ڈرافٹ کو حتمی شکل دی ہے۔
دھیان رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ دورۂ فرانس میں نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی تھی اور کئی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کی تھیں۔
بعدازاں لندن پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ ماحولیات کے حوالے سے کانفرنس میں آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات بڑی خوش گوار رہی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایم ڈی آئی ایم ایف کو بتایا کہ پاکستان نے تمام شرائط پوری کردی ہیں، اب پروگرام بورڈ میں جاکر منظور ہونا چاہیے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔