افغان مسئلے کا طاقت سے حل ممکن نہیں، شاہ محمود

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ افغانستان میں پائیدار امن سب کی خواہش ہے، طاقت کے ذریعے مسئلے کا حل ممکن نہیں، پاکستان مصالحانہ کردار ادا کرتا رہے گا، عالمی برادری افغان عمل مذاکرات کی حمایت جاری رکھے۔
انہوں نے دوحہ میں بین الافغان مذاکرات سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے افغانستان میں امن کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کیا، بین الافغان مذاکرات کا آغاز ہماری مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے، افغانستان کے مستقبل کا فیصلہ وہاں کے عوام نے کرنا ہے، ہمیشہ موقف رہا کہ افغان مسئلے کا طاقت سے حل ممکن نہیں۔
امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان کی تعمیر و ترقی کے لیے شراکت داری کو مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں، تمام فریقین امن کے قیام کے لیے اس موقع سے فائدہ اٹھائیں۔
نارویجن وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام خطے کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے، ہمیں بین الافغان مذاکرات سے بہت امیدیں وابستہ ہیں، توقع ہے فریقین افغان عوام کے حقوق یقینی بنانے کے لیے آگے بڑھیں گے۔
افغان امن کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹرعبداللہ عبداللہ کا کہنا تھا کہ مل کر افغان عوام کے روشن مستقبل کے لیے راہ متعین کرنی ہے، تشدد کے خاتمے اور عوامی حقوق یقینی بناکر افغان عوام کو خوشیاں دینی ہیں۔
چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا کہ افغان مسئلے کے سیاسی حل کے لیے اس موقع سے فائدہ اٹھانا ہوگا، پائیدار امن کا خواب مفاہمتی عمل سے ہی ممکن ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔