حقیقی والد کو کبھی نہیں دیکھا، سوتیلے والد نے بہت پیار دیا، صاحبہ

لاہور: فلموں کی سابق اداکارہ صاحبہ نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہوں نے کبھی اپنے سگے والد کو نہیں دیکھا اور نہ ہی کبھی اُن سے ملاقات ہوئی۔
سینئر اداکار ساجد حسن کو دیے گئے انٹرویو میں صاحبہ نے کہا کہ میں نے کبھی اپنے سگے والد کو نہیں دیکھا اور نہ ہی کبھی اُن سے ملاقات ہوئی کیونکہ میری پیدائش سے پہلے ہی میرے والد اور والدہ کے درمیان علیحدگی ہوگئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ میری پیدائش کے بعد بھی والد نے کبھی مجھ سے ملنے کی کوشش نہیں کی، اسی وجہ سے میرے دل میں کبھی اُن کے لیے باپ والے جذبات نہیں آئے۔
اُنہوں نے کہا کہ میرا بچپن میرے نانا کے گھر گُزرا کیونکہ والدہ فلموں کی شوٹنگ میں مصروف ہوتی تھیں اور والد نے چھوڑ دیا تھا تو اسی لیے میں اپنے نانا نانی ماموں وغیرہ کے زیادہ قریب تھی۔
صاحبہ نے کہا کہ میں جب 10 سال کی ہوئی تو میری والدہ نے دوسری شادی کرلی تھی اور میرے سوتیلے والد نے مجھے اپنی آخری سانس تک پیار دیا، اُنہوں نے سگے باپ سے بڑھ کر مجھے محبت دی۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنی والدہ سے زیادہ سوتیلے باپ کے قریب تھی کیونکہ وہ میرے ساتھ دوستوں کی طرح رہے، میں اپنے دل کی ہر بات اُنہیں بتاتی تھی اور اُنہوں نے کبھی مجھے محسوس ہی نہیں ہونے دیا کہ میں اُن کی سگی بیٹی نہیں ہوں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ میرے سوتیلے والد پیشے سے پائلٹ اور زمیندار تھے اور 5 سال قبل ہی اُن کا انتقال ہوا ہے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔