کمروں میں بیٹھ کر تنقید کرنا آسان، ہم سڑکوں پر کام کررہے تھے، مرتضیٰ وہاب

کراچی: شہر قائد کے میئر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ بلدیاتی اداروں نے کام کیا ہے تو شاہراہوں سے پانی صاف ہوا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نعیم الرحمان اور مصطفیٰ کمال کے لیے مختلف اور میرے لیے مختلف کراچی ہے، مشکلات اور پریشانیاں ہیں لیکن ہم کام کررہے ہیں، ایم اے جناح روڈ اور آئی آئی چندریگر روڈ کا برا حال تھا، آج کلیئر ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں نے کام کیا ہے تو شاہراہوں سے پانی صاف ہوا ہے، مختلف علاقوں اور گلیوں میں پانی ہے، کے ایم سی کو مدد کی ہدایت کی ہے، کمروں میں بیٹھ کر تنقید کرنا آسان ہے، ہم سڑکوں پر کام کررہے تھے، ہم سڑکوں پر تھے، جماعت اسلامی کے ٹاؤن چیئرمین نظر نہیں آئے۔
مرتضیٰ وہاب نے خود پر الیکشن کمیشن کی جانب سے ہونے والے جرمانے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 26جنوری کو مجھے الیکشن کمیشن کا نوٹس آیا اور میں نے 27 جنوری کو جواب دیا، مجھے اب ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر نے نوٹس دیا جس کا مجھے پتا ہی نہیں تھا، مجھ پر 50 ہزار روپے کا جرمانہ کیا گیا، پتا نہیں ان کو مجھ سے کیا مسئلہ ہے، ضابطہ اخلاق کی کوئی خلاف ورزی کی ہے نہ کروں گا، کوئی ایک الیکشن مہم بتادیں جس میں میئر کراچی شامل ہوا ہے، ان کی تنقید کا جواب دے دوں تو مجھے ای سی کا نوٹس آجاتاہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ مجھے زبردستی کسی نے میئر نہیں بنایا،جب ہدایت جاری کی جارہی ہوتی ہیں تب بھی میں سڑکوں پر ہی تھا جب کہ گورنر صاحب کے پاس ایسے کوئی اختیارات تو ہیں نہیں مدد کرنے کے، گورنر صاحب نے سپورٹ کا اعلان کیا ہے اس پر شکریہ۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔